شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ یشما گل ٹریفک حادثے میں زخمی افراد کی مدد کو پہنچی تو ان کا موبائل فون چوری ہوگیا۔
پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ یشما گل نے بتایا کہ کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز 8 میں دو موٹر سائیکل سواروں کے حادثے کے دوران گاڑی روکی اور ان کو مدد کرنے کے لیے گئی۔
یشما گل نے کہا کہ گاڑی سے جلدی اترنے کی وجہ سے فون گاڑی کی سیٹ پر ہی رہ گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ گاڑی سے اتر کر حادثے کے زخمی افراد کو جاکر دیکھا تو پیچھے سے کچھ افراد گاڑی کی سیٹ پر رکھا موبائل فون لے کر غائب ہوگئے۔
اداکارہ نے بتایا کہ جائے وقوعہ پر موجود چند لوگوں کی مدد سے دونوں زخمیوں کو گاڑی میں بٹھایا اور جب گاڑی چلانے سے قبل فون دیکھا تو غائب تھا۔
یشما گل نے بتایا کہ حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کی جیب سے بھی والٹ نکال لیا گیا۔
اداکارہ نے کہا کہ میں کسی کی مدد کررہی تھی کم سے کم اس وقت تو ایسا نہیں کرنا چاہیے تھا بہرحال میں نے سی پی ایل سی میں موبائل فون چوری کی شکایت درج کروادی ہے۔
واضح رہے کہ اداکارہ یشما گل نے اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامہ سیریل ’آزمائش‘ میں منفی کردار نبھایا تھا، ڈرامے کی دیگر کاسٹ میں فہد شیخ، کنزا ہاشمی، گل رعنا، شہود علوی ودیگر شامل تھے۔