کم عمر میں ہی دوسری بار ڈبل سنچری اسکور کرنے والے بھارتی اوپنر یشسوی جیسوال نے وسیم اکرم کا ریکارڈ بھی برابر کردیا۔
تفصیلات کے مطابق انگلینڈ کے خلاف اس سیریز میں نوجوان یشسوی نے اپنے کیریئر کی دوسری ڈبل سنچری اسکور کی ہے۔ انھوں نے اس اننگز کے دوران 12 چھکے لگائے اور ایک ٹیسٹ اننگز میں زیادہ سکسز لگانے کا پاکستان کے سابق کپتان وسیم اکرم کا ریکارڈ برابر کیا.
وسیم نے 1996 میں زمبابوے کے خلاف یہ ریکارڈ بنایا تھا۔ اس کے علاوہ یشسوی اتنی کم عمری میں دوسری ڈبل سنچری بنانے والے دنیا کے تیسرے بیٹر بن گئے ہیں۔ اس اننگز میں بھارتی اوپنر نے جیمز اینڈرسین کو تین بالز پر تین چھکے بھی لگائے۔
اس فہرست میں سر ڈان بریڈمین بھی شامل ہیں جنھوں نے 21 سال 318 دن کی عمر میں دوسری ڈبل سنچری اسکور کی تھی۔ بھارتی ونود کامبلی نے 21 سال 54 دن کی عمر میں دو بار ڈبل سنچری بنانے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔
انھوں نے ایک سیریز کے دوران 20 سے زائد چھکے لگانے کا ریکارڈ بھی قائم کیا جبکہ ٹیسٹ کرکٹ کی 147 سالہ تاریخ میں ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ کسی سیریز میں ایک بیٹر نے 20 سے زائد چھکے لگائیں ہو۔
یشسوی جیسوال بڑے اسکور کے لیے اپنی بھوک کے حوالے سے بتاتے ہوئے کہا کہ میں جانتا ہوں کہ ہر اننگز کتنی اہم ہوتی ہے اور اسی لیے میں پریکٹس میں سخت محنت کرتا ہوں اور ہر اننگز میرے لیے اہمیت رکھتی ہے۔
نوجوان بیٹر نے کہا کہ روہت بھائی اور جڈیجا بھائی نے جس طرح سے پہلی اننگز میں بیٹنگ کی، اس نے مجھے بہت حوصلہ دیا۔ وہ واقعی ہر سیشن کے لحاظ سے کھیل رہے تھے۔
اس دوران ڈریسنگ روم کے اندر میں سوچتا رہا کہ جب میں پچ پر جاؤں گا تو مجھے بھی اسی طرح بیٹنگ کرنا ہوگی۔ مجھے یہ بھی لگتا ہے کہ بڑے پلیئز کو بہت زیادہ محنت کرتے ہوئے دیکھنا ناقابل یقین ہے۔