جمعہ, مئی 10, 2024
اشتہار

میری والدہ کہتی تھیں کہ پانچ کیوں دس وکٹیں کیوں نہیں؟ یاسر شاہ

اشتہار

حیرت انگیز

لندن : قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز لیگ اسپنر یاسر شاہ نے کہا ہے کہ میری زندگی کا وہ یادگار دن تھا جب میں نے ٹیسٹ میچ میں ایک ہی دن میں دس وکٹیں لیں۔

ایک انٹرویو میں انہوں نے بتایا کہ جب میں وہ میچ کھیل کر واپس ہوٹل کے کمرے میں آیا تو مجھے اپنی والدہ کی کہی ہوئی باتیں یاد آ گئیں، میری ہمیشہ سے یہ عادت تھی کہ میں جب بھی میچ کھیلنے جاتا تھا تو والدہ کو فون کرتا تھا اور ان سے کہتا کہ میرے لیے دعا کریں کہ میں پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کروں تو میری والدہ کہتی تھیں کہ پانچ کیوں، دس کیوں نہیں؟

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی لیگ اسپنر نے کہا کہ مجھے ذاتی طور پر بہت دکھ تھا کہ میری 29وکٹوں کے باوجود پاکستانی ٹیم وہ سیریز جیتنے میں کامیاب نہ ہوسکی۔ دراصل ابوظہبی کے تیسرے ٹیسٹ میں جہاں میں نے سات وکٹیں حاصل کی تھیں پاکستانی ٹیم دوسری اننگز میں صرف156رنز پر آؤٹ ہو کر میچ ہار گئی تھی۔

- Advertisement -

ایک سوال کے جواب میں یاسر شاہ کا کہنا تھا کہ سری لنکا کیخلاف ٹیسٹ کی ٹیم میں جگہ نہ ملنے پر مجھے کوئی مایوسی نہیں ہے کیونکہ وکٹ اور کنڈیشنز ایسی تھیں کہ چار فاسٹ بولرز کو کھلایا جانا لازمی تھا لہٰذا میری ٹیم میں جگہ نہ بن سکی۔

واضح رہے کہ گزشتہ پانچ برسوں کے دوران ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کی کئی اہم فتوحات لیگ اسپنر یاسرشاہ کی مرہون منت رہی ہیں، حریف بیٹسمینوں کو آؤٹ کرکے مخصوص مسکراہٹ کے ساتھ جشن منانے کا منفرد انداز یاسر شاہ کی پہچان بن چکا ہے۔

یاسر شاہ ٹیسٹ میچ کی تاریخ کے پہلے اسپنر ہیں جنہوں نے مسلسل پانچ میچوں میں کسی ایک اننگز میں پانچ یا اس سے زیادہ وکٹیں حاصل کیں۔ وہ سب سے کم (33)ٹیسٹ میچوں میں وکٹوں کی ڈبل سنچری مکمل کرنے والے بولر ہیں۔ انھوں نے آسٹریلوی اسپنر کلیری گریمٹ کا 36 ٹیسٹ میچوں میں دو سو وکٹیں مکمل کرنے کا ریکارڈ توڑا تھا۔

یاسر شاہ نے اب تک 39 ٹیسٹ میچوں میں 213 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں جن میں سے 126 وکٹیں ان 18 ٹیسٹ میچوں میں ہیں جو پاکستان جیتا ہے۔

ان کی اننگز میں 41 رنز دے کر آٹھ وکٹوں کی کارکردگی عبدالقادر اور سرفراز نواز کے بعد کسی بھی پاکستانی بولر کی تیسری بہترین کارکردگی ہے۔

وہ سب سے زیادہ ٹیسٹ وکٹیں حاصل کرنے والے پاکستانی بولرز میں اس وقت چھٹے نمبر پر ہیں اور پاکستان کی طرف سے کسی بھی اسپنر کی سب سے زیادہ 261 وکٹوں کے دانش کنیریا کے ریکارڈ کے قریب ہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں