پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ آج قائداعظم کی سالگرہ پر ہم شرمندہ ہیں کہ ہم نے ملک کا بیڑہ غرق کردیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پی ٹی آئی اور پنجاب کی وزیر صحت یاسمین راشد نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قائد اعظم کی سالگرہ پر ہم شرمندہ ہیں۔ ہم نے ملک کا بیڑہ غرق کر دیا لیکن ہم لڑیں گے کیونکہ ہم کبھی نہیں چاہیں گے پاکستان چوروں کیلیے چھوڑیں۔ وہ وقت دور نہیں جب ہم حقیقی آزادی لے کر رہیں گے۔
یاسمین راشد نے کہا کہ عمران خان واحد لیڈر ہیں جو ان کی چوری میں شامل نہیں ہونا چاہتا۔ وہ ایک بہادر انسان ہیں، جو گولیاں لگنے کے باوجود ععام کو تسلیاں دے رہے تھے۔ اللہ تعالیٰ نے ہمیں عمران خان جیسا بہادر لیڈر اور سچا مسلمان دیا۔ پی ڈی ایم والوں کو کہتی ہوں کہ ہم تھکے نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ لوگ باہر نکلتے ہیں تو دنیا کے ہر کونے سے چور، چور کے نعرے لگتے ہیں جب کہ عمران خان کے ساتھ عوام ہے اسی وجہ سے پی ڈی ایم ان سے ڈر رہی ہے۔ یہ ڈر کے مارے چوہوں کی طرح بلوں میں بند ہیں۔ ان کی کوشش ہے کہ الیکشن نہ ہو جب کہ ہماری کوشش ہے الیکشن ہو۔ اگلے کرسمس سے پہلے یہ تمام چوہے بھاگ چکے ہوں گے۔
یاسمین راشد نے کہا کہ رانا ثنا، مریم نواز، احسن اقبال نے کہا تھا کہ شوق ہے تو اسمبلیاں تحلیل کر دیں۔ اب عمران خان نے اسمبلیاں تحلیل کرنے کا اعلان کیا تو ان کی ٹانگیں کانپنا شروع ہوگئی ہیں۔ ان لوگوں نے نیب ترامیم کے بعد خود پر کرپشن کے کیسز ختم کر دیے۔