شوبز انڈسٹری کی نامور اداکارہ اور مصنفہ یاسرہ رضوی کا کہنا ہے کہ وہ والدہ کے انتقال پر پرسکون رہیں، ان سے باتیں کرتی رہیں اور والدہ کو غسل دیا کفن پہنایا۔
اداکارہ یاسرہ رضوی نے حالیہ انٹرویو کے دوران پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری اور نجی زندگی سے متعلق اظہار خیال کیا۔
انہوں نے کہا کہ رواں سال کے آغاز میں انہوں نے اپنے والدین کو کھو دیا اور جب والدہ کا انتقال ہوا، اس وقت غیر روایتی طور پر وہ روئی نہیں بلکہ ایک ایسی جذباتی کیفیت میں چلی گئی تھیں کہ وہ مسلسل اپنی والدہ سے باتیں کر رہی تھیں۔
اداکارہ نے کہا کہ اپنی ماں کو غسل دینا، انہیں کفن پہنانا آسان کام نہیں لیکن یہ سب بغیر روئے کیا، اور اس پورے وقت ان سے باتیں کرتی رہی اور کہتی رہی کہ پریشان نہ ہوں، سب اچھا ہوگا، آپ اس کے لئے تیار ہیں اور اسی طرح انہیں ایمبولینس تک ان کی ساتھ رہی اور پھر اسی طرح انہیں اگلے جہان کے سفر پر روانہ کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ ’میت کو ایمبولنس تک میں نے خود چھوڑا، اپنی والدہ کے جنازے پر میں نہیں روئی، مجھے دیکھ کر میری کزنز اپنے بچوں کو کہہ رہی تھیں کہ ’بیٹا اگر ہم بھی اگر کسی دن مر جائیں تو ہمیں بھی ایسے بھیجنا جیسے یاسرہ باجی نے اپنی ماں کو بھیجا ہے، رونے نہیں بیٹھ جانا۔‘
یاسرہ رضوی نے اپنی والدہ کے انتقال کا حوالہ دیتے ہوئے سوالات اُٹھائے اور کہا کہ جذبات کا اظہار اس طرح بھی ہوتا ہے، کیا میں انسان نہیں، کیا میرا انداز انوکھا تھا، کیا ہم اپنے ڈراموں میں کسی کی موت کے مناظر اس طرح نہیں دِکھا سکتے۔