واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یمنی حوثیوں کو غیر ملکی دہشت گرد تنظیم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی سرگرمیاں مشرق وسطیٰ میں امریکیوں کی سلامتی کیلئے خطرہ ہیں۔
اس حوالے سے ترجمان وہائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ نے انصار اللہ کو دہشت گرد تنظیموں میں شامل کرلیا ہے، حوثیوں کو ایران کی اسلامی انقلابی گارڈ فورس تربیت اور اسلحہ فراہم کررہی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ترجمان وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ حوثیوں نے درجنوں بار امریکی بحریہ کے جنگی جہازوں پر فائرنگ اور سعودی عرب کے شہری ہوائی اڈوں پر متعدد حملےکیے۔
ان کا کہنا ہے کہ یمنی حوثیوں نے جنوری 2022میں متحدہ عرب امارات پر بھی مہلک حملے کئے جبکہ اکتوبر2023سے اسرائیل پر 300 سے زیادہ پروجیکٹائل فائر کیے گئے۔
،وائٹ ہاؤس ترجمان کے مطابق حوثیوں نے باب المندب سے گزرنے والے تجارتی جہازوں پر بھی100سے زائد مرتبہ حملے کئے۔
انہوں نے کہا کہ حوثیوں کی سرگرمیاں مشرق وسطیٰ میں امریکی شہریوں اور اہلکاروں کی سلامتی کیلئے خطرہ ہیں۔
ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ حوثی ہمارے شراکت داروں کی حفاظت، عالمی سمندری تجارت کے استحکام کیلئے خطرہ ہیں، اس کے علاوہ صدر ٹرمپ نے یو ایس ایڈ انتظامیہ کو یمن میں تمام امدادی منصوبے بند کرنے کا حکم دے دیا۔
واضح رہے کہ غزہ میں جنگ بندی معاہدہ ہونے کے بعد یمن کے حوثیوں نے بھی اسرائیل کیخلاف حملے روکنے کا اعلان کردیا ہے۔
یمن کے حوثیوں کے ترجمان کا کہنا ہے کہ حوثی اسرائیل اور حماس کے درمیان معاہدے کا احترام کرتے ہوئے اسرائیل پر میزائل اور ڈرون حملے بند کردیں گے۔