دراز قد نوجوان فاسٹ بولر نے عالمی نمبر ایک بلے باز اور سابق قومی کپتان بابر اعظم پر اپنی بولنگ سے دھاک بٹھا دی۔
دنیا کی مقبول ترین لیگ پی ایس ایل 9 کا آغاز 17 فروری سے ہو رہا ہے جس کے لیے ٹیمیں اپنی تیاریوں کو حتمی شکل دے رہی ہیں۔
سابق چیمپئن پی ایس ایل پشاور زلمی بھی اپنے ہتھیاروں کی حتمی آزمائش کر رہی ہے۔ اس سلسلے میں گزشتہ روز پشاور زلمی کا ٹی ٹوئنٹی پریکٹس میچ ہوا جس میں نوجوان دراز قد فاسٹ بولر محمد ذیشان نے پشاور زلمی کے کپتان اور عالمی نمبر ایک بیٹر پر اپنی شاندار بولنگ کے ذریعے دھاک بٹھا دی۔
محمد ذیشان نے بابر اعظم کو پورا اوور میڈن کرایا۔ زلمی کے کپتان نے نوجوان بولر کی گیندوں کو کھیلنے کی کوشش کی لیکن چکمہ دیتی گیندوں نے انہیں کامیاب نہیں ہونے دیا۔
اس حوالے سے سوشل میڈیا پر گردش کرتی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پریکٹس میچ کے دوران بابر اعظم اسٹرائیک اینڈ پر ہیں اور ان کے سامنے محمد ذیشان ہیں جو گیند پھینکتے ہیں وہ یا تو بابر اعظم کو چکمہ دیتے ہوئے اِدھر اُدھر نکل جاتی ہیں یا پھر شاٹ مارنے کے لیے تیار بابر اعظم کو دفاعی انداز اختیار کرنے پر مجبور کر دیتی ہیں۔
Pakistan U19 bowler Mohammad Zeeshan bowled a maiden over to Babar Azam in Peshawar Zalmi's T20 practice match yesterday
Babar couldn't play him at all, what an over by the youngster – via PAK TV #HBLPSL9 pic.twitter.com/jAR6IlkScT
— Farid Khan (@_FaridKhan) February 14, 2024
سوشل میڈیا پر ذیشان کی بولنگ کو شائقین کرکٹ بہت سراہ رہے ہیں اور انہیں پاکستان کرکٹ کا مستقبل قرار دیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ محمد ذیشان نے حال ہی میں آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ اور انڈر 19 ایشیا کپ میں بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔