بنگلادیش سے ٹیسٹ میں پہلی بار شکست کے بعد سابق کپتان یونس خان نے کھلاڑیوں کو اہم مشورے دے دیے۔
میڈیا سے گفتگو میں یونس خان نے کہا کہ پاکستانی ٹیم کو خود اپنے آپ کو اٹھانا ہے کھلاڑی مورال ڈاؤن نہ کریں، بعض مرتبہ پرفارم نہیں ہوتا اس پر مایوس نہ ہوں۔
انہوں نے کہا کہ کرکٹ کو ملک کے لیے کھیلیں اور کھیل کو انجوائے کر کے کھیلیں، پریشر لے کر نہیں، ٹیم اور ملک کے لیے کھیلنے والوں کی پرفارمنس الگ نظر آتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آئی سی سی کی چیئرمین شپ جس کے پاس بھی گئی ہے اس کو اسپورٹس مین اسپرٹ کا مظاہرہ کرنا چاہیے نئے چیئرمین کو کرکٹ اور آئی سی سی کے لیے اچھے فیصلے کرنا چاہیے کھیل کو کھیل کی طرح لیں اس کو سیاست سے دور رکھیں۔
سابق کپتان نے کہا کہ بنگلا دیش میچ پر کیا گلے مردے اکھاڑنے، پچ تیز تھی یا سلو یہ کوئی بات نہیں ہوتی، دو ہزار نو میں جب کرکٹ ٹیم پر حملہ ہوا اسکے بعد 2016 تک کرکٹ ملک سے چلی گئی آٹھ سال ہم نے جس طرح کرکٹ کھیلی ہمیں اندازہ ہے ہم نے ٹی ٹوئینٹی ورلڈ کپ جیتا ، ٹیسٹ چمپئین بنے اس سے زیادہ ٹف کنڈیشن نہیں آسکتی، ہوم گرائونڈ پر پریشر ہوتا ہے لیکن وہ کھلاڑی کیا جو پریشر برداشت نہ کر سکے، اپنے آپ سے نکل کر ملک کے لیے کرکٹ کھیلنا ہوگی۔