جمعرات, مارچ 27, 2025
اشتہار

سوئس سفیر کو ملک بدر کیا جائے، چیئرمین سینیٹ

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے کہا ہے کہ سوئٹزر لینڈ پاکستان مخالف قوتوں کو مضبوط کر رہا ہے جس کے خلاف سخت احتجاج کیا جائے اور سوئس سفیر کو ملک بدر کردینا چاہیے۔

چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے یہ ریمارکس وفاقی وزیر قانون زاہد حامد کی جانب سے جنیوا میں پاکستان مخالف بینرز آویزاں ہونے کے معاملے پر سوئٹزر لینڈ کے موقف سے سینیٹ کو آگاہ کرنے کے بعد دیے۔

قبل ازیں وزیر قانون زاہد حامد نے سینیٹ کو بتایا کہ سوئس سرزمین پاکستان مخالف سرگرمیوں کے لیے استعمال ہو رہی ہے اور یہ عالمی قوانین اوراقوام متحدہ کے چارٹر کی سنگین خلاف ورزی ہے جس پر سوئس سفیر سے احتجاج بھی کیا ہے۔

انہوں نے  سوئس سرزمین پر پاکستان مخالف سرگرمیوں سے متعلق حکومتی موقف سے سینیٹ اراکین کو آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ جنیوا میں ہیومن رائٹس کونسل کے اجلاس میں پاکستان نے شرکت کی اور مسئلہ کشمیر سمیت بلوچستان میں علیحدگی پسندی کا معاملہ بھی اٹھایا گیا۔

زاہد حامد کا کہنا تھا کہ پاکستان مخالف مہم میں بھارت ملوث ہے، جنیوا میں بلوچستان سے متعلق بینرز آویزاں کیے گئے تھے جو بلوچستان ہاؤس کے اسپانسر کیے ہوئے ہیں اور بلوچستان ہاؤس کالعدم جماعت بی ایل اے کے زیرانتظام ہے جسے بھارت کی پشت پناہی حاصل ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس معاملے پرحکومت پاکستان نے سوئس سفیر سے احتجاج بھی کیا گیا تھا جس پرسوئس حکومت کا کہنا تھا کہ کسی قانون کی خلاف ورزی نہیں کی گئی ہے چنانچہ اس پر کوئی ایکشن نہیں لے سکتے۔

اس پر چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ اگر یہ صورت حال ہے تو حکومت کیا کر رہی ہے؟ سوئٹزرلینڈ پاکستان میں دہشت گردی ایکسپورٹ کر رہا ہے اور پاکستان مخالف عناصر کو تحفظ فراہم کر رہی ہے، سوئٹزرلینڈ کا یہ اقدام ناقابل قبول ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ دفتر خارجہ اس معاملے پرسنجیدہ اقدامات کرے اورسوئٹزلینڈ کے سفیرکوملک چھوڑنے کے لیے کہا جائے اور اس طرزعمل پر حکومت پاکستان کو سوئس حکام کے خلاف سخت احتجاج کیا جانا چاہیے۔


اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں