پیر, جولائی 7, 2025
اشتہار

ول اسمیڈ‌ کی اننگز رائیگاں، زلمی نے گلیڈی ایٹرز کو دبوچ لیا

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور: پی ایس ایل 7 کے 22ویں میچ میں پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو باآسانی 24 رنز سے شکست دے دی، حسین طلعت کو نصف سنچری اسکور کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی کی جانب سے دیے گئے 186 رنز کے تعاقب میں گلیڈی ایٹرز کی ٹیم 8 وکٹوں کے نقصان پر 166 رنز ہی بناسکی۔

گلیڈی ایٹرز کے اوپنر ول اسمیڈ کی 99 رنز کی اننگز بھی ٹیم کو شکست سے نہ بچاسکی، سرفراز احمد 25 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، افتخار احمد 11 رنز بنا کر چلتے بنے۔

عمرا کمل کو ایک رن پر عثمان قادر نے اسٹمپڈ آؤٹ کروایا، سہیل تنویر دو رنز ہی بناسکے، جیسن رائے 13 اور جیمز ونس بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔

زلمی کی جانب سے عثمان قادر نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، سلمان ارشاد نے دو وکٹیں حاصل کیں، لیام لیونگ اسٹون ایک وکٹ حاصل کرسکے۔

اس سے قبل پشاور زلمی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 185 رنز بنائے تھے اور گلیڈی ایٹرز کو جیت کے لیے 186 رنز کاہدف دیا تھا۔

شعیب ملک نے شاندار 58 رنز کی اننگز کھیلی، حسین طلعت 51 رنز بنا کر نسیم شاہ کا نشانہ بنے۔

حضرت اللہ زازئی ایک رن بنا کر پویلین لوٹ گئے، محمد حارث 29 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، شیرفین ردرفورڈ بھی بغیر کوئی رن بنائے چلتے بنے۔

گلیڈی ایٹرز کی جانب سے نسیم شاہ نے چار کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی،غلام مدثر اور افتخار احمد نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل وہاب ریاض نے ٹاس جیت کر سرفراز الیون کو پہلے بولنگ کی دعوت دی تھی، دونوں ٹیموں میں دو دو تبدیلیاں کی گئیں۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ول اسمیڈ اور خرم شہزاد کی واپسی ہوئی ہے جبکہ زلمی نے حسین طلعت اور عثمان قادر کو اسکواڈ میں شامل کیا ہے۔

خیال رہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز جس نے 2019 میں 20 اوورز کا ٹورنامنٹ جیتا تھا، اس وقت چھ پوائنٹس کے ساتھ چوتھی پوزیشن پر ہے، انہیں اپنے سات میچز میں تین جیت اور چار میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

دوسری جانب 2017 میں کھیلے گئے پی ایس ایل کی فاتح پشاور زلمی بھی سات میں سے 4 میچز ہار اور تین میں فتح حاصل کرچکی ہیں جب کہ پوائنٹس ٹیبل پر زلمی کی پوزیشن پانچویں ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں