مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان میں ذی الحجہ کا چاند نظر نہیں آیا ہے۔
چئیرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کا کہنا ہے کہ پاکستان میں ذی الحجہ کا چاند نظر آنے کی شہادت موصول نہیں ہوئی لہٰذا یکم ذی الحجہ 29 مئی کو ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں عید الاضحیٰ 7 جون بروز ہفتے کو ہوگی۔
مولانا رمضان سیالوی کا کہنا ہے کہ یکم ذی الحجہ جمعرات 29 مئی کو ہوگا اور عید الاضحیٰ ہفتہ 7 جون کو منائی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ لاہور میں کہیں سے بھی چاند نظر آنے کی شہادت موصول نہیں ہوئی ہے جس سے چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کو آگاہ کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ چاند کے نظر آنے یا نہ آنے کا حتمی اعلان مولانا عبدالخبیر آزاد کریں گے۔
ذی الحجہ کا چاند دیکھنے کے لیے رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس کی صدارت چیئرمین عبدالخبیر آزاد نے کی زونل کمیٹیوں کے اجلاس اپنے اپنے مقامات پر ہوئے۔
کراچی میں آج غروب آفتاب کا وقت 7 بجکر 15 منٹ تھا اور اس وقت چاند کی عمر 11 گھنٹے 34 منٹ ہوگی، چاند دیکھنے کے لیے عمر تقریباً 24 گھنٹے یا اس سے زائد ہونی چاہیے۔
سپارکو کا کہنا تھا کہ آج چاند نظر آنے کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں کیونکہ آج غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر گیارہ گھنٹے ہوگی۔ یکم ذی الحجہ 29 مئی کو ہونے کی توقع ہے۔ آج چاند نظر نہیں آتا تو عیدالاضحی سات جون کو ہونے کا امکان ہے۔
سعودی عرب میں ذی الحجہ کا چاند دیکھنے کیلئے اجلاس آج ہوگا۔ سعودی ماہرفلکیات کا کہنا ہے آج چاند نظر آنے کا امکان ہے۔
متحدہ عرب امارات کے فلکیاتی مرکز کا بھی یہی کہنا ہے کہ آج ذی الحجہ کا چاند آج نظر آنے کا امکان ہے۔ متحدہ عرب امارات میں عیدالاضحیٰ 6 جون کو ہوسکتی ہے۔ ابوظبی میں چاند دوربین کے ذریعے دیکھا جاسکے گا۔ عمان، مقبوضہ بیت المقدس اور قاہرہ میں چاند آنکھ سے دیکھنا ممکن ہوگا۔