اسلام آباد: زمبابوے کرکٹ بورڈ کے چیئرمین اور منیجنگ ڈائریکٹر اسلام آباد پہنچ گئے، زمبابوے کی ٹیم کل اسلام آباد پہنچے گی۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق زمبابوے کرکٹ بورڈ کے چیئرمین اور منیجنگ ڈائریکٹر اسلام آباد پہنچ گئے، پی سی بی کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ ذاکر خان نے ان کا استقبال کیا۔
دوسری جانب زمبابوے کرکٹ ٹیم پاکستان کے لیے روانہ ہوگئی، زمبابوین ٹیم کل اسلام آباد پہنچ کر ایک ہفتے کے لیے قرنطینہ کرے گی۔
واضح رہے کہ دورہ پاکستان کے لیے زمبابوے کرکٹ ٹیم موگابے انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے اسلام آباد روانہ ہوئی، دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ون ڈے میچ تیس اکتوبر کو راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔
مزید پڑھیں: زمبابوے کے خلاف ون ڈے، ٹی ٹونٹی سیریز کے لیے 22 رکنی ٹیم کا اعلان
یاد رہے کہ زمبابوے کے خلاف سیریز کے لیے قومی ٹیم کا اعلان کردیا گیا ہے، بابر اعظم کپتان اور شاداب خان نائب کپتان ہوں گے، سابق کپتان شعیب ملک، محمدعامر اور سرفراز کو آرام دیاگیا ہے، دوسری طرف نیشنل ٹی ٹوئنٹی میں سنچری بنانے والے عبداللہ شفیق کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
آل راونڈر فہیم اشرف کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے، جب کہ ان فٹ نسیم شاہ کی جگہ موسیٰ خان کو موقع دیا گیا ہے۔ نوجوان وکٹ کیپر روحیل نذیر بھی ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب ہو گئے۔
عابد علی، امام الحق، فخر زمان، اور حارث سہیل بھی ٹیم کا حصہ بنائے گئے ہیں، عماد وسیم، شاداب خان اور عثمان قادر کے ساتھ ظفر گوہر اسپنرز ہوں گے، اسکواڈ کے فاسٹ بولرز میں شاہین شاہ، حارث رؤف، حسنین، اور وہاب ریاض شامل ہیں۔