اسلام آباد : پاکستان نے 15 اگست کو دنیا بھر میں بھارتی ہائی کمیشن کے باہراحتجاج کی کال دے دی، زلفی بخاری کا کہنا ہے کہ بیرون ملک پاکستانی اس کال پرکشمیریوں کی آواز بنیں اور جس ملک میں ہوں بھارتی ہائی کمیشن پہنچیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان نے 15 اگست یوم سیاہ کے طور منانے کی حکمت عملی تیار کرلی ، اس موقع پر حکومت پاکستان نے اوورسیز پاکستانیوں سے خصوصی اپیل کی ہے، پاکستان نے 15 اگست کو دنیا بھر میں بھارتی ہائی کمیشن کے باہر احتجاج کی کال دے دی ہے۔
وزیراعظم معاون خصوصی زلفی بخاری نے اوورسیز پاکستانیوں کے نام ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ پاکستانی15اگست کواندرون،بیرون ملک بیک وقت یوم سیاہ منارہےہیں، بیرون ملک پاکستانی اس کال پرکشمیریوں کی آوازبنیں۔
زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ پاکستانی دنیا کے جس ملک میں ہوں بھارتی ہائی کمیشن پہنچیں، کسی بھی ملک یامذہب سےتعلق ہو یوم سیاہ کے احتجاج میں شرکت کریں، میں خود بھی سینٹرل لندن میں کشمیریوں کے حق میں احتجاج میں شرکت کروں گا۔
معاون خصوصی نے مزید کہا 2019 کے ہٹلر مودی کو روکنے کے لئے سب کو ساتھ دینا ہوگا، اب کشمیریوں کی آواز کو کسی صورت دبنے نہیں دیں گے۔
مزید پڑھیں : 14 اگست کو یوم یکجہتی کشمیر اور 15 اگست کو یوم سیاہ منانے کا فیصلہ
یاد رہے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی اقدام کے بعد حکومت نے 14 اگست کو یوم یکجہتی کشمیر اور 15 اگست کو یوم سیاہ منانے کا فیصلہ کیا تھا ، نوٹیفکیشن کے مطابق 15 اگست کو یوم سیاہ کے باعث پورے ملک میں قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔
خیال رہے وزیر اعظم کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی اجلاس منعقد ہوا تھا، جس میں بھارت کے ساتھ سفارتی تعلقات محدود کرنے اور دو طرفہ تجارت معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔