عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما غلام احمد بلور نے کہا ہے کہ آرٹیکل چھ صرف پرویز مشرف پر نہیں بلکہ ان تمام افراد پر عائد ہونا چاہئیے جنھوں نے آئین شکنی میں ان کی مدد کی تھی۔
عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما بشیر احمد بلور کی برسی کے موقع پر منقعدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے غلام بلور نے کہا کہ فیصلے ہمیشہ پنجاب سے آئے ہیں اور جنرل پرویزمشرف کے بارے میں بھی فیصلہ وہیں آئے گا، تاہم انکی جماعت کا واضح موقف ہے کہ آرٹیکل چھ صرف مشرف پر نہیں بلکہ اسکا ساتھ دینے والوں اور سابق آمروں پر بھی لگنا چاہئیے۔
غلام احمد بلور نے کہا کہ عمران خان نے تبدیلی کے نام پر ووٹ لیا مگر سات ماہ میں کچھ تبدیل نہیں ہوا۔ وہ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے حکمرانوں سے عملی اقدامات کرنے کی درخواست کریں گے خواہ وہ مذاکرات پر مبنی ہو یا آپریشن کے زریعئے، اے۔ این۔ پی کے رہنما کا کہنا تھا ہندوستان، افضانستان، ایران اور بنگلہ دیش کو اعتماد میں لئیے بغیر ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ ناممکن ہے۔
غلام احمد بلور مرکزی رہنما عوامی نیشنل پارٹی تقریب سے پی۔پی کے رہنما نوید چوہدری، لیبر پارٹی کے فاروق طارق، جمعیت علمائے اسلام لاہور کے امیر قاری ثنا اللہ اور اے۔این۔پی کے سیکرٹڑی جنرل احسان وائین نے بھی خطاب کیا اور بشیر بلور کو انکی قومی خدمات پر خراج عقیدت پیش کیا۔