اسلام آباد: تحریک انصاف کےکارکنوں کیخلاف پولیس سے تصادم کا ایک اور مقدمہ تھانہ سیکریٹریٹ میں درج کرلیا گیا ہے۔
اسلام آباد میں دھرنے کے شرکاء پر مقدمات درج کرانے کا سلسلہ جاری ہے، تھانہ سیکریٹریٹ میں پی ٹی آئی کارکنوں کیخلاف پولیس سے تصادم کا ایک اور مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ روز پنجاب پولیس نے دھرنے سے واپس گھروں کو جانے والے پاکستان عوامی تحریک کے کارکنوں کو گرفتار کرنے کی کوشش کی، جس پر قریب موجود تحریکِ انصاف کے کارکن مدد کو پہنچے، سیاسی کارکن اور پولیس اہلکار آمنے سامنے ہوئے تو پتھرائو اورلاٹھی چارج شروع ہوگیا۔
پی ایم سیکریٹریٹ سے سپریم کورٹ تک علاقہ میدان جنگ بن گیا، اسی دوران اسلام آباد پولیس نے مارگلہ چو ک کے قریب سے تحریکِ انصاف کے متعدد کارکنوں کو حراست میں لے لیا ہے، تصادم کی اطلاع ملنے پر تحریکِ انصاف کی قیادت نے اپنے کارکنوں کو واپس دھرنے کے مقام پر بلالیا تھا۔