کراچی : متحدہ قومی موومنٹ نے انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ میں ایم کیوایم پر لگائے جانے والے الزامات کی سختی سے تردید کردی۔
تفصیلات کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ کے ترجمان نے بعض میڈیا پرنشرہونے والی ایک خبر میں انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ میں ایم کیوایم کے یونٹ آفس، ذمہ داروں اور ایم کیوایم کے رکن قومی اسمبلی خواجہ سہیل پر لگائے جانے والے الزامات کی سختی سے تردید کی ہے اورانہیں سراسرمن گھڑت اوربے بنیادقراردیاہے۔
اپنے ایک بیان میں ترجمان نے کہاکہ آج میڈیاپرنشرہونے والی اس خبرمیں لگائے جانے والے الزامات میں کوئی صداقت نہیں ہے اورہم سمجھتے ہیں کہ یہ خبرمیڈیاٹرائل کے ذریعے ایم کیوایم کوبدنام کرنے کی کوششوں کاحصہ ہے۔
ترجمان نے کہاکہ تحقیق وتفتیش اورثبوت وشواہد کے بغیرکسی بھی سیاسی جماعت، اس کے دفتر، اس کے منتخب نمائندوں یاذمہ داروں پر الزام تراشی کاعمل کسی بھی طرح درست اور جائز قرار نہیں دیاجاسکتا۔