چارسدہ : امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت کا ہنی مون پیریڈ ختم ہو گیا اب حساب کتاب کا وقت ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی کے زیر اہتمام چارسدہ میں ایک بڑے اجتھاع سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ کاشغر روٹ کو متنازعہ بنایا گیا تو ذمہ دار وفاقی حکومت ہوگی۔
امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ حکمراں باریاں لیتے رہتے ہیں ۔اس حکومت کو دو سال ہونے کو آئے ،ہنی مون کا وقت ختم ہوا، اب حساب کتاب دینا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ غریبوں نے اے این پی ،پیپلز پارٹی اور ن لیگ کا ساتھ دیا لیکن انہوں نے عوام کیلئے کچھ نہیں کیا۔ہم فلاحی پاکستان بنانا چاہتے ہیں طبقاتی تعلیمی نظام اور اقرباء پروری کا خاتمہ کریں گے۔
سراج الحق نے کہا کہ کاشغر روٹ سے متعلق مشاورت نہیں کی گئی تو عمل درآمد بھی مشکل ہے۔ دوسری جانب جماعت اسلامی کے اجتماع میں کچھ بدنظمی بھی پیدا ہوگئی تاہم قیادت نے بات بڑھنے سے پہلے معاملہ ختم کرا دیا۔