سری لنکا نے دبئی ٹیسٹ میں پاکستان کو نو وکٹوں سے شکست دیکر سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی ہے۔ سری لنکن ٹیم کے کھلاڑی مہیلا جے وردھنے پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔
دبئی ٹیسٹ میں بارش بھی پاکستان کو شکست سے نہ بچا سکی۔ شائقین کو آسمان پر پھیلے گہرے سیاہ بادلوں سے جو امید تھی وہ صحیح وقت پر برس نہ سکے۔
سری لنکا نو وکٹوں سے کامیاب ہوگیا۔ کھیل کے فیصلہ کن روز سب کی نگاہیں پاکستانی وکٹ کیپر سرفراز احمد پر مرکوز تھیں جو سنھبل کر کھیل رہے تھے۔ مگر وہ اسکور میں مزید چار رنز کا اضافہ کرکے چوہتر رنز پر پویلین لوٹ گئے۔ وکٹ کیپر کے آؤٹ ہوتے ہی دیگر کھلاڑیوں کی ہمت ٹوٹ گئی اور ٹیم تین سو انسٹھ رنز پر آؤٹ ہوگئی۔
سرفراز احمد کیساتھ مصباح الحق ستانوے،یونس خان ستتر رنز بناکر نمایاں رہے۔ سورنگا لکمل نے چار وکٹیں حاصل کیں۔ سری لنکا کو جیت کیلئے ایک سو سینتس رنز کا ہدف ملا۔ جو اوپنرز کی عمدہ کارکردگی کی بدولت باآسانی حاصل کرلیا گیا۔
کوشل سلوا نے اٹھاون رنز بنائے۔ کورونارتنے نے باسٹھ رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔اے آر وائی ڈیجیٹل نیٹ ورک کے سینئر وائس پریذیڈنٹ آپریشنز طارق وصی نے سری لنکن بیٹسمین کوشل سلوا کو آروائی گولڈ بار پیش کیا ۔ سیریز میں سری لنکا کو ایک صفر کی سبقت حاصل ہے۔ آخری معرکہ سولہ جنوری سے شارجہ میں شروع ہوگا۔