پشاور: عمران خان نے سانحہ پشاور کے بعد آرمی پبلک اسکول کا دورہ کیا ہے۔ عمراں خان کو اسکول میں داخل ہوتے ہی شہدا کی ماوں نے گھیرے میں لے لیا۔
سانحہ پشاور کے بعد عمران خان وزیراعلی خیبر پختونخواہ کے ہمراہ آرمی پبلک اسکول کے دورے پر آج پشاور پہنچے، جہاں انہوں نے سانحہ پشاور کے متاثرہ اسکول کے مختلف حصوں کا دورہ کیا۔
عمران خان اسکول پہنچے تو نویں جماعت محمد علی شہید کی والدہ کی فریادوں نے ماحول کو سوگوار کردیا۔ عمران خان اور ان کے عملے کو سخت چیکنگ کے بعد اسکول میں جانے کی اجازت دی گئی۔
اسکو ل میں صرف عمران خان اور پرویز خٹک کی گاڑیوں کو اندر جانے دیا گیا، جبکہ صوبائی وزیر علی امین گنڈاپور کو تلاشی کے بعد اندر جانے کی اجازت دی گئی۔
چیئرمین تحریک انصاف بعد میں آرمی پبلک اسکول کی شہید پرنسپل طاہرہ قاضی کے گھر گئے۔ عمران خان نے طاہرہ قاضی کے شوہر بریگیڈئیر ریٹائرڈ ظفر اللہ قاضی سے تعزیت کی۔ عمران خان نے شہید پرنسپل کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی۔ عمران خان شہید طالب علم ثاقب کے گھر بھی گئے جہاں انہوں نے ثاقب کے والدین سے تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔