وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن احسن اقبال نے کہا ہے کہ ڈالرز اور غیر ملکی امداد کے بل پر شرح نمو نہیں بڑھانا چاہتے اپنے پاﺅں پر کھڑا ہونا چاہتے ہیں۔
مظفرآباد میں ویژن دو ہزار پچیس کے حوالے سے ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ویژن دو ہزار پچیس میں تمام سیاسی جماعتوں سے مشاورت کی گئی ہے، انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستان دنیا میں سب سے کم ٹیکس وصول کرنیوالا ملک بن گیا ہے۔
انہوں نےکہا کہ آزاد کشمیر میں پن بجلی پیداواری صلاحیت کو استعمال میں لاکر پاکستان کی توانائی کی ضروریات کو پورا کیا جاسکتا ہے، وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری پر پابندی اوور ڈرافٹ کی وجہ سے لگائی گئی۔
احسن اقبال نے مذہبی جماعتوں کے رہنماﺅں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میثاق مدینہ کے اصول کے تحت بنا ہے اور وہ ملکی ترقی اور سلامتی کیلئے کردار ادا کریں، اس موقع پر صدر آزاد کشمیر سردار یعقوب، وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری عبد المجید و دیگر نے بھی خطاب کیا۔