سکھر : قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور پیپلز پارٹی کے سینئر رہنماء سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ عمران خان ہارس ٹریڈنگ کی باتیں کر تے ہیں وہ یہ بتائیں کہ سینٹ الیکشن میں تحریک انصاف کے چھ سے سولہ ووٹ کیسے ہوئے؟
ہارس ٹریڈنگ کس نے کی یہ سب کو پتہ چل گیا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے امن کا پیغام لیکر سکھر پہنچنے والے لاہور کے قافلے کا پبلک اسکول سکھر میں رواداری فیسٹیول کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔
انہوں نے کہاکہ نائن زیرو اور الطاف حسین کی بہن کے گھر پر ہونے والی کارروائی پر سندھ حکومت نے جوڈیشل کمیشن بنا دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سانحہ بلدیہ ٹاﺅن میں ملوث افرادکے بارے میں جلد رپورٹ منظر عام پر آجائے گی، ن لیگ اور ایم کیو ایم میں کوئی کشیدگی نہیں ہے۔
خورشید شاہ نے کہا کہ نہ ہی پیپلز پارٹی ،ن لیگ اور ایم کیو ایم کے درمیان دوریاں ختم کر نے میں کوئی کردار ادا کر نے کو شش کر رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکمرانوں خدارا اس ملک کو وقت دو عوام کی حفاظت کرو اور دہشت گردی کا خاتمہ کرو۔
سید خورشید شاہ کاکہنا تھا کہ مذہبی رواداری ایک اہم موضوع ہے جس کا مقصد امن کو فروغ دینا ہے مذ ہبی انتہاءپسندی امن کی دشمن ہے جس کا فوری خاتمہ کرنا چاہئے ۔