لاہور اور اسلام آباد سمیت ملک کے بیشتر شہروں میں بادل ایسے برسےکہ موسم خوشگوار ہوگیا۔ محکمہ موسمیات نے پنجاب بھر میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔ملک بھر میں مون سون کی بارشوں کانیا سلسلہ شروع ہوگیا۔ لاہور، گوجرانوالا، بھکر ، ڈیرہ غازی خان اور حافظ آبادسمیت پنجاب کےمختلف شہروں میں بارش نے گرمی کا زورتوڑ دیا۔ جل تھل سے موسم خوشگوار ہوا تو گرمی سے پریشان روزہ داروں کے چہرے کھل گئے۔
پشاور ،نوشہرہ اور بنوں سمیت خیبر پختونخوا میں بھی بارش کی آنکھ مچولی نے شہریوں کو خوش کردیا ۔گلگت بلتستان اور قلات میں بھی بارش نے گرمی کا زور توڑ دیا،اسلام آباد، پنجاب، خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں بیشتر مقامات پر مزید بارش جبکہ میرپور خاص، حیدرآباد اورکراچی میں بھی چندمقامات پر بادل برسنےکا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتے کوملک کے مختلف علاقوں میں موسم خشک رہے گااور مون سون کی بارشوں میں کمی آسکتی ہے۔