اسلام آباد: پاکستان تحریکِ انصاف کے سربراہ عمران خان کا کہنا ہے کہ نواز شریف جو چاہیں کرلیں نیا پاکستان بننے کا وقت آگیا ہے۔
عمران خان اسلام آباد میں آزادی مارچ کے شرکا ء سے خطاب کر رہے تھے اور ان کا کہنا تھا کہ ہم یہ مصنوعی جمہوریت نہیں چاہتے، بلکہ ان ظالموں سے آزادی چاہتے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ نوجوانوں کو جیل میں ڈال کرڈرانے کی کوشش کی جارہی ہے، انہوں نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ جب نیا پاکستان بنے گا تو وہ حکمرانوں کو احتساب کے کٹہرے میں لا کردم لیں گے۔
انہوں نے آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا کو بھی تنبیہہ کی کہ وہ نوجوانوں پرجو ظلم کررہے ہیں شہبازشریف انہیں اس کی سزا سےنہیں بچاسکتے۔
انہوں نے مولانا فضل الرحمن کو مخاطب کرکے کہا کہ انہیں بھی معاف نہیں کیا جائے گا، وہ آئندہ الیکشن میں ایک سیٹ جیت کر دکھادیں۔
انہوں نے عافیہ صدیقی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پورے ملک میں کسی نے میری مدد نہیں کی اوراگرکسی نے مدد کی تو ایک برطانوی صحافی نے مدد کی۔
عمران خان نے یہ بھی کہا کہ میں کسی کے اشارے پر نہیں آیا ہوں زندگی میں جو بھی کیا اپنے پیروں پرکھڑے ہوکرکیا، بیرون ِ ملک پیسہ کمایا لیکن سب کچھ پاکستان میں ہے۔
انہوںمنے سانحہِ ماڈل ٹاؤن کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بے شرمی کی انتہا ہوگئی کہ عام لوگوں کا قتل ِعام کیا گیا ، عدالت نے حکمرانوں کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا بھی حکم دے دیا پھر بھی یہ لوگ استعفیٰ نہیں دیتے۔ انہوں نے عورتوں اور بچوں پرآنسو گیس کے شیل فائر کئے۔
انہوں دھرنے کے شرکے سے وعدہ لیا کہ ہر شخص اپنی استطاعت کے مطابق ٹیکس دے گا، امیروں سے زیادہ ٹیکس لیا جائے گا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ وزیر ِ اعظم ، وزیر ِ اعلیٰ اور گورنرہاؤس ختم کردئے جائیں گے، بہترین ٹیم منتخب کی جائے گی۔