میلبورن : آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے آغاز میں اب صرف سات روز باقی رہ گئے ہیں۔میگا ایونٹ کی افتتاحی تقریبات کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئی ہیں۔
وارم اپ میچز کا آغاز کل سے ہوگا۔آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں دنیا بھر سے ستارے جگمگائیں گے تو شائقین بھی ان کا جوش گرمائیں گے۔ انچاس دن خوب ہوگا ہلہ گلہ۔ کرکٹ ہی کرکٹ۔ کھلاڑیوں نے کمر کس لی ہے۔ تو شائقین نے بھی دل تھام لئے ہیں۔
میگا ایونٹ کے میچز کی ٹکٹس کی فروخت بھی تیزی سے جاری ہے۔ شائقین کو ایونٹ کا بے صبری سے انتظار ہے۔ ایونٹ کی تیاریاں بھی عروج پر پہنچ گئی ہیں۔
میلبورن میں ورلڈ کپ کی شاندارافتتاحی تقریب بارہ فروری کو منعقد ہوگی جس میں اسٹارز اور فنکار دنیا بھر کے شائقین کی توجہ کا مرکز ہونگے۔ایونٹ کے وارم اپ میچز کا آغاز کل سے بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان میچ سے ہورہا ہے۔
دنیائے کرکٹ پر حکمرانی کی باقاعدہ جنگ چودہ فروری سے شروع ہوگی۔ ورلڈ کپ کا افتتاحی میچ کرائسٹ چرچ میں میزبان نیوزی لینڈ اور سابق ورلڈ چیمپئن سری لنکا کے درمیان کھیلا جائے گا۔