ممبئی: وینا ملک کو دنیا کی 6 با اختیار مسلم خواتین میں شامل کرتے ہوئے ایک غیر ملکی پروڈیوسر نے اپنی دستاویزی فلم میں کام کرنے کیلئے سائن کرلیا ہے، ہالینڈ کے ایک پروڈیوسر کو مسلم دنیا سے تعلق رکھنے والی چھ انتہائی بااختیار خواتین پر دستاویزی فلم بنانے کا آئیڈیا آیا اور ان کی نظر وینا ملک کے انتخاب ٹھہری ۔
وینا ملک نے ان خبروں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ڈچ نیشنل ٹی وی کی ٹیم نے ان سے رابطہ کیا اور کہا کہ وہ مسلم دنیا کی چھ نہایت بااختیار خواتین پر ڈاکیومنٹری بنا رہے ہیں اور اس کیلئے انہیں بھی منتخب کیا گیا ہے، رواں ماہ ہی ڈچ ٹی وی نے ایک ہفتے ممبئی میں رہ کر وینا کی روزمرہ زندگی کو شوٹ بھی کیا۔
وینا نے اس تجربے کو اپنی زندگی کا قیمتی تجربہ قرار دیا، ان کا کہنا تھا کہ اس میں ان کی حقیقی پرسنالٹی دکھائی دے گی، جسے اب تک لوگ نہیں جانتے، اس میں کوئی کریکٹر نہیں بلکہ اصلی وینا ملک نظر آئے گی۔
وینا نے بتایا کہ روحانیت، انسانیت اور مذہب ان کیلئے بہت اہمیت رکھتے ہیں، انہوں نے کہا کہ گزرتے وقت کے ساتھ ساتھ میرا رشتہ اللہ کے ساتھ مضبوط ہوا ہے، میرا مذہب دوسرے مذاہب کا احترام کرنے کا سبق دیتا ہے۔
دوسری جانب وینا کا دوسرا سولو گانا ‘رم’ ریلیز ہوگیا ہے، وینا نے اپنے نئے گانے کو ہٹ کرنے کیلئے پاکستان کے مشہور قوال عزیز میاں کی قوالی’میں شرابی’ کی پوری لائن اڑالی ہے اور اسے روحانی کنکشن کا نام دے دیا ہے۔
انکا کہنا تاھ کہ میں چھ سال کی عمر سے یہ قوالی سنتی آ رہی ہوں، جب میرے والد ٹیپ ریکارڈر پر یہ قوالی سنتے تھے تب سے لے کر آج تک یہ قوالی مجھ پر اثر کرتی ہے اور ایک خاص روحانی تعلق سا بناتی ہے اسی لئے میں نے یہ لائن اپنے گانے کا حصہ بنالی۔
وینا نے مستقبل کے پلانز پر بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ مزید سولو نمبرز ریکارڈ کرائیں گی اور ان کا ارادہ پرانے پاکستانی گانوں کو ری مکس کرنے کا بھی ہے، وینا کا یہ بھی کہنا تھا کہ مشہور بھارتی مصنف شوبھاڈے اور ایک بھارتی فوٹوگرافر نے ان کی آب بیتی لکھنے کی پیشکش کی ہے، وینا کے مطابق وہ اپنی زندگی کے اتار چڑھاو اس کتاب کے ذریعے شیئر کریں گی۔