کراچی : ایم کیو ایم نے پانی کے نام پر کراچی میں لسانی فسادات کا خدشہ ظاہر کردیا۔متحدہ رہنماء کہتے ہیں کہ پانی کے مصنوعی بحران کے ذمے دار وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ اور شرجیل میمن ہیں۔
ان خیالات کا ااظہار ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر متحدہ رہنمائوں نے پانی بحران کو مصنوعی قرار دیتے ہوئے اس کا ذمے دار حکومت سندھ، وزیر اعلیٰ سندھ اور شرجیل میمن کو ٹھہرا دیا۔
متحدہ رہنما کہتے ہیں کہ پیپلز پارٹی ایم ڈی واٹر بورڈ اور پانی کے مسئلےکوسیاسی ایجنڈے پر چلا رہی ہے۔فاروق ستار نے کہا کہ وزیر بلدیات گھوسٹ ملازمین اور شادی ہالز کو توڑنے جیسے ٹچے کام کرنے کے بجائے ہائیڈرنٹس مافیا اور پانی کے مصنوعی بحران کے خاتمے کے لئے کام کرتے تو عوام کو ریلیف ملتا۔
متحدہ رہنما نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے آر او پلانٹس کی آڑ میں دو سو فیصدکرپشن کی۔فاروق ستار نے واضح کر دیا کہ اگر صوبائی اسمبلی حقوق نہیں دے سکتی تو آئندہ اجلاسوں میں متحدہ اراکین اسمبلی احاطے میں اپنی اسمبلی لگائیں گے۔