اسلام آباد: وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ ملکی تجارت دوگنا کرنے کیلئے مقامی اور عالمی تجارتی ماہرین کی خدمات حاصل کر رہے ہیں،معروف ماہر معاشیات اور سابق گورنر اسٹیٹ بینک شاہد کاردار سے ملاقات کے دوران انہوں نے کہا کہ وزارت نے مستقبل کے ترجیحی تجارتی پراڈکٹس اور نئی تجارتی منڈیوں کے چناﺅ کیلئے تفصیلی اسٹڈی کا آغاز کر دیا ہے۔
جلد دنیا کے کامیاب تجارتی ماڈلز کے تجزیے کے بعد پاکستان میں تجارتی اصلاحات لائیں گے ، جس کے بعد حکومت اپنی تمام تر مشینری اور وسائل بروئے کار لاتے ہوئے پاکستانی مصنوعات کی بین الاقوامی ما رکیٹنگ پر اپنی توانائیاں صرف کرے گی، وفاقی وزیر نے ملاقات کے دوران بتایا کہ ملکی تجارت میں اضافے اور تجارت کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کیلئے فیڈرل بورڈ آف ریونیو ،وزارت خزانہ اور متعلقہ صوبائی اداروں سے مستقل رابطے میں ہیں اور وزارت تجارت انھیں ملکی تجارت کے فروغ کیلئے مفید تجاویز سے آگاہ کرتی ہے۔
سابق گورنرا سٹیٹ بینک نے کہا کہ پاکستان کی تجارت میں اضافے کیلئے برآمدی اشیاءمیں تنوع لانا وقت کا اہم تقاضا ہے، مزید برآں مشرق بعید کی ابھرتی ہوئی تجارتی منڈیوں سے تجارتی تعلقات میں اضافہ پاکستانی تجارت کیلئے مفید ثابت ہو سکتا ہے۔