اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے پارٹی انتخابات میں بے قاعدگیاں ثابت ہونے پر پی ٹی آئی کے تحقیقاتی کمیشن نے پارٹی کی کور کمیٹی اور سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی فوری طورپر تحلیل کرنے کی سفارش کر دی۔جبکہ شیریں مزاری نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ مرکزی کمیٹیاں تحلیل کرنے کا حتمی اختیار عمران خان کے پاس ہے۔
تفصیلات کے مطابق چیئر مین پی ٹی آئی عمران خان کے سوا دیگر عہدیداران کو فارغ کرنے کا حکم دے دیا۔ پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی الیکشن ٹربیونل نے چیئر مین پی ٹی آئی کے علاوہ تمام عہدیداران کو فارغ کرنے کی سفارش کرتے ہوئے کور کمیٹی اور سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی تحلیل کرنے کی سفارش کی ہے ۔
جسٹس (ر)وجیہ الدین کی سربراہی میں قائم دو رکنی تحقیقاتی کمیشن نے ٹربیونل کے معاملات میں مداخلت پرسیکرٹری جنرل جہانگیر ترین کو بھی نوٹس جاری کیاہے۔
دوسری جانب پارٹی ترجمان شیریں مزاری نے اے آر وائی کو بتایا کہ مرکزی کمیٹیاں تحلیل کرنے کا حتمی اختیار عمران خان کے پاس ہے،تاہم ابھی کوئی کمیٹی تحلیل نہیں کی گئی ،نہ ہی سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین کو نوٹس جاری ہوا۔کمیٹیاں تحلیل کرنے کا فیصلہ بائیس مارچ کو بلائے گئے کور کمیٹی کے اجلاس میں چیئر مین عمران خان کریں گے۔