اسلام آباد : چین کےصدر ژی چن پنگ کےپرتپاک استقبال کیلئےاسلام آباد کی شاہراہوں کو پھولوں اور برقی قمقوں سے سجایا جا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بیس اپریل سے شروع ہو نے والے چین کے صدر کے دورہ پاکستان کوشایان شان بنانے کے لئے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں استقبال کی تیاریاں عروج پر ہیں۔
ایئر پورٹ سے ریڈ زون تک وفاقی ترقیاتی ادارہ مہمان صدر کی عزت افزائی کے لئے دن رات ایک کئے ہوئے ہے، پاک چین لازوال دوستی کے تناظر میں سڑک کنارے بڑے بڑے خیر مقدمی بل بورڈز بینر ز اور پاک چین قیادت کی قد آور تصاویر آویزاں کر دیئے گئے۔
مختلف شاہراہوں کو پھولوں اور برقی قمقوں سے سجایا جا رہا ہے، چین کے صدر کے دورہ کے موقع پر سیکورٹی کے سخت ترین اقداما ت کو بھی حتمی شکل دے دی گئی۔
پاکستان کی فضائی حدود میں داخل ہو تے ہی مہمان صدر کو پاک چین باہمی اشتراک سے سے تیار کردہ جے ایف 17تھنڈر طیارے حصار میں لیں گے۔
چینی صدر کی آمد سے قبل بڑے ہوٹلز شادی ہالز اور اسلام آباد کے دینی مدارس اور تعلیمی ادارے دو روز کے لیئے بند ہوں گے۔ جبکہ مسلح افواج ،رینجرز اور پولیس کے دستے اسلام اباد ایئر پورٹ سے ریڈ زون تک سیکورٹی کے فرائض سنبھالیں گے۔
چین کے صدر کا دورہ پاکستان ایک غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے ان کے استقبال کی بھر پور تیاریاں اپنی جگہ مگر پاک چین دوستی کبھی غیر معمولی لوازمات کی محتاج نہیں رہی۔