کراچی: شہر کا سب سے مشہور ہفتہ وار بازار ’’ڈی ایچ اے سنڈے بازار‘‘ بند کردیا گیاہے، ذمہ داران کے مطابق یہ بازار نجی زمین پر لگ رہا تھا۔
ڈیفنس ہاؤسنگ سوسائٹی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ بازار نجی جگہ پر قائم تھا اور اس سلسلے میں منتظمین اور ڈی ایچ اے انتظامیہ کے درمیان معاہدہ تھا جو کہ 31 دسمبر 2014 کو ختم چکا۔
بازار کے منتظم اور دوکاندار اس معاہدے سے بخوبی آگاہ تھے کہ وہ جس جگہ کو تجارتی مقاصد میں استعمال کررہے ہیں درحقیقت مختلف افراد کی ملکیت ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ جب معاہدے کی مدت ختم ہوئی تو ہم نے بارہا انہیں یاد دہانی کرائی کہ بس اب معاہدے کی مدت ختم ہوچکی لہذا وہ لوگ کام بند کریں۔
انہوں نے کہا کہ نئے معاہدے کا کوئی امکان نہیں تھا کیونکہ ڈی ایچ اے اس علاقے ڈیولپ کرنا چاہتی ہے، دکانداروں سے بارہا کہا گیا کہ وہ اپنا کام ختم کریں اور بہت سے افراد نے ختم کربھی لیا تھا۔
دوسری جانب بازار کے منتظمین کا کہنا تھا کہ ہمیں معلوم ہے کہ اب ہم یہاں کام نہیں کرکسکتے لیکن اس بازار سے ہزاروں افراد کا روزگار وابستہ ہے لہذا ہم اس کے لئے متبادل جگہ کی تلاش میں تھے جس کا اتنی جلدی ملنا ناممکن ہے۔