لندن : متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے مطالبہ کیا ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام کو ان کے جائز حقوق کی فراہمی کیلئے گلگت بلتستان کی آئینی حیثیت بحال کی جائے اور اسے آزادکشمیر کی طرز پر اسٹیٹ سبجیکٹ رول کی سہولت دی جائے ۔
ایک بیان میں الطاف حسین نے کہاکہ ایم کیوایم، ملک کی واحد لبرل ، جمہوری اور ترقی پسند جماعت ہے جو ملک سے فرسودہ جاگیردارانہ نظام کے خاتمے اور مظلوم عوام کے بنیادی حقوق کیلئے عملی جدوجہد کررہی ہے ۔
ایم کیوایم ،ملک میں ایسے معاشرے کا قیام چاہتی ہے جہاں ہرشہری کو بلاامتیاز رنگ ونسل ، زبان ،قومیت، مسلک ، فقہ اور مذہب یکساں حقوق میسر ہوں۔
الطاف حسین نے کہاکہ آج تک گلگت بلتستان کی آئینی حیثیت کو بحال نہیں کیا گیا ہے جس کے باعث وہاں کے عوام سیاسی ، معاشی اور حقوق سے محروم ہیں ۔
حکومت کا یہ فرض ہے کہ وہ گلگت بلتستان کے عوام کو ان کے آئینی ، قانونی اور انسانی حقوق کی فراہمی یقینی بنائے ۔ الطاف حسین نے مطالبہ کیا کہ گلگت بلتستان کی آئینی حیثیت بحال کی جائے ، وہاں آزادکشمیر طرز کا سیٹ اپ دیا جائے۔
گلگت بلتستان کے عوام کی معاشی حالت بہتر بنانے کیلئے وہاں کے تمام تاریخی راستوں کو کھولاجائے اورعوام کو آزادکشمیر کی طرز پر اسٹیٹ سبجیکٹ رول کی سہولت دی جائے تاکہ پاکستان کے مختلف شہروں میں آباد گلگتی اور بلتستانی عوام گلگت بلتستان کی قانون ساز اسمبلی میں ووٹ کا حق استعمال کرسکیں۔
الطاف حسین نے گلگت بلتستان کے عوام کو یقین دلایا کہ ایم کیوایم ، گلگت بلتستان سمیت ملک بھرکے مظلوم عوام کے حقوق کیلئے ہرسطح پر آواز بلند کرتی رہے گی ۔