ایڈیلیڈ : بھارت اور پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتانوں نے ورلڈ کپ کے پہلے ہی میچ کی اہمیت واضح کردی۔ دھونی کا کہنا ہے کہ میچ کا کوئی دباؤ نہیں جیت کے لئے میدان میں اتریں گے۔
ادھر کپتان مصباح الحق نے بھی عالمی کپ میں بھارت سے ہار کی روایت بدلنے کا عزم ظاہرکردیا۔ ایڈیلیڈ میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے بھارتی ٹیم کے کپتان مہیندر سنگھ دھونی کا کہنا تھا کہ پاکستان سے پہلا میچ بہت اہم ہے۔
+کھلاڑیوں پر میچ کا کوئی دباؤ نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا میں مسلسل ناکامیوں سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ تمام کھلاڑی فٹ اور میچ کیلئے دستیاب ہیں۔
وکٹ میں نمی ہے فائنل الیون کا فیصلہ وکٹ دیکھ کر کریں گے۔ ادھر پاکستانی ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے بھی میگا ایونٹ میں بھارت سے ہار کی روایت توڑنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ میچ میں ابتدائی پندرہ اوورز اہم ہوں گے۔ کھلاڑیوں کو جذبات کو قابو میں رکھ کر کھیلنا ہوگا۔ یاسر شاہ نے اپنی صلاحیتوں کو منوایا۔ بھارت کے خلاف میچ میں محمد عرفان کا کردار اہم ہوگا۔