کراچی: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے کراچی میں نئے ضلع کے قیام کے فیصلے کے خلاف ہر قانونی جدوجہد کرنے کا فیصلہ کر لیا، رابطہ کمیٹی نے کہا ہے کہ کیماڑی ضلع بنانے کے فیصلے کو عدالت میں چیلنج کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق سندھ کابینہ کے کراچی میں ضلع کیماڑی بنانے کے فیصلے کے خلاف آج ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں اس فیصلے کے خلاف قانونی چارہ جوئی اور احتجاج کے لائحہ عمل پر مشاورت کی گئی۔
رابطہ کمیٹی نے کہا کہ کراچی میں سیاسی اور لسانی بنیادوں پر ایک اور ضلع کے اضافے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی جاتی ہے، پیپلز پارٹی نے پاکستان، سندھ اور کراچی کو ہمیشہ اپنے فائدے کے لیے لسانی بنیادوں پر تقسیم کیا۔
سندھ کابینہ نے کیماڑی ضلع بنانے کی منظوری دے دی
رابطہ کمیٹی کا کہنا ہے کہ نئے ضلع کی سازش کا مقصد کراچی شہر کے میٹروپولیٹن کارپوریشن کی حیثیت کو ختم کرنا ہے، پیپلز پارٹی نے اپنی سیاست زندہ رکھنے کے لیے کراچی کو بربادی کے دہانے پر لاکر کھڑا کردیا ہے۔
رابطہ کمیٹی سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پیپلز پارٹی جبری طور پر کراچی کا کنٹرول حاصل کرنا چاہتی ہے، پی پی ساری جماعتوں کے ساتھ مل کر بھی ڈسٹرکٹ ویسٹ میں ایم کیو ایم کو نہیں ہرا سکی تو اب ایسے ہتھکنڈوں پر اُتر آئی ہے۔
پارلیمانی جماعتوں کا کراچی میں 7ویں ضلع کے فیصلے کیخلاف مزاحمت کا فیصلہ
رابطہ کمیٹی نے کہا کہ کراچی میں پیپلز پارٹی کا کوئی اسٹیک نہیں ہے، کراچی میں لسانی بنیادوں پر نئے ضلعے بنانے کا مقصد صرف اجارہ داری قائم کرنا اور مال بنانا ہے، اس فیصلے سے ثابت ہوتا ہے کہ پیپلز پارٹی کراچی سے مخلص نہیں ہے۔