اتوار, جون 16, 2024
اشتہار

صدر یو اے ای کی پاکستان میں 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی یقین دہانی

اشتہار

حیرت انگیز

ابوظہبی: متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے پاکستان میں 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے کی یقین دہانی کروا دی۔

جاری کردہ اعلامیے کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف اور صدر یو اے ای شیخ محمد بن زاید النہیان میں ملاقات ہوئی، اس موقع پر نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر تجارت جام کمال خان، خواجہ آصف اور طارق فاطمی موجود تھے۔

اعلامیے میں بتایا گیا کہ صدر یو اے نے پاکستان میں 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی یقین دہانی کروائی، ملاقات میں دو طرفہ تعلقات بشمول سیاسی، اقتصادی اور دفاعی شعبوں میں تعاون پر گفتگو ہوئی جبکہ آئی ٹی، قابل تجدید توانائی اور سیاحت میں تعاون کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

- Advertisement -

چند روز قبل چینی کمپنی نے وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات میں پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھانے میں دلچسپی کا اظہار کیا تھا۔ وزیر اعظم سے چیئرمین وانگ جائیچنگ کی زیرِ قیادت ایم سی سی ٹونگسن ریسورسز کے وفد کی ملاقات ہوئی تھی۔

چینی کمپنی نے معدنیات و کان کنی کے شعبے میں سرمایہ کاری بڑھانے میں دلچسپی کا اظہار کیا تھا۔ چینی کمپنی نے شہباز شریف کو منرل پارک کے قیام اور مزید سرمایہ کاری کے منصوبوں پر بریفنگ دی تھی۔

شہباز شریف نے وفد کو بتایا تھا کہ حکومت بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ کیلیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھا رہی ہے، چین پاکستان کا دیرینہ دوست اور ترقی میں اہم شراکت دار ہے، ہر مشکل وقت میں مدد کرنے پر پاکستانی قوم چینی قیادت و عوام کی مشکور ہیں۔

وزیر اعظم نے چینی کمپنی کو برآمدی اشیا کی تیاری کیلیے سرمایہ کاری کرنے کی دعوت دیتے ہوئے متعلقہ وفاقی وزرا اور افسران کو چینی کمپنی کے ساتھ مشاورت کی ہدایت کی تھی۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں