کراچی : پاکستان میں امریکی سفیررچرڈ اولسن کا کہنا ہے کہ امریکا پاکستان میں بجلی بحران سے نمٹنے کیلئے ہرممکن تعاون کر رہا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں وفاقی وزیرتجارت انجینئرخرم دستگیر خان سے امریکی بزنس کونسل کے وفد نے ملاقات کی، ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے رہنماؤں کے درمیان باہمی دلچسپی اور پاک امریکا تجارتی تعلقات کے فروغ کے حوالے سے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان معاشی تعاون دونوں مما لک کیلئے فائدہ مند ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا پاکستانی مصنوعات کا سب سے بڑا امپورٹر اور بڑا سرمایہ کار ملک ہے۔
امریکا پاکستان میں سرمایہ کاری کے مزید مواقع تلاش کر رہا ہے۔ امریکی تعاون سے سال دوہزار اٹھارہ تک چودہ سو میگاواٹ اور دوہزاراٹھائیس تک دو ہزارمیگا واٹ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل ہوجائے گی۔
جس سے پاکستان کو درپیش توانائی بحران کے خاتمہ میں کافی حد تک مدد ملے گی۔