کراچی : سابق وزیر داخلہ ذوالفقار مرزا مقدمات کے خلاف سماعت میں پیش ہونے کیلئے اپنی اہلیہ فہمیدہ مرزا کے ہمراہ کراچی پہنچ گئے، وہ کل اپنے خلاف زیر سماعت مقدمات میں سندھ ہائی کورٹ میں پیش ہونگے۔
ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کا کہنا ہے کہ ہمیں عدالتوں سے انصاف کی امید ہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
اس سے قبل سابق وزیر داخلہ ذوالفقار مرزا اپنے اوپر قائم مقدمات کے خلاف سماعت میں پیش ہونے کیلئے مرزا فارم ہاؤس سے کراچی کیلئے نکلے تو ایک بڑا لشکر ان کے ہمراہ تھا۔
ذوالفقار مرزا کا انداز پیشی پر جاتے ہوئے بھی وڈیرانہ دکھائی دیا۔ سیکڑوں حامیوں کا ساتھ اور سو کے لگ بھگ گاڑیوں کا قافلہ ان کے ہمراہ تھا۔
شوہر کی حمایت میں آگے آنیوالی سابق اسپیکر قومی اسمبلی فہمیدہ مرزا بھی ان کے ہمراہ تھیں۔ ذوالفقار مرزا نے تو میڈیا سے بات نہ کی لیکن فہمیدا مرزا نے کہا کہ عدالتوں سے انصاف کی امید ہے۔
انہوں نے کہا کہ مقدمات سیاسی بنیادوں پر بنائے گئے،بہت سے کارکن ایسے ہیں جو واقعہ کے وقت موجود ہی نہیں تھے لیکن انہیں ملزم نامزد کر دیا گیا ایسا جمہوریت میں نہیں ڈکٹیٹر شپ میں ہوتا ہے۔
واضح رہے کہ ذوالفقار مرزا اور ان کے ساٹھ ساتھیوں کے خلاف تین روز قبل توڑ پھوڑ ، ہنگامہ آرائی اور دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمات درج کئے گئے تھے جن میں سے چار کو گرفتار بھی کیا جا چکا ہے۔
ٹھٹہ، گولارچی اور قائدآباد سمیت مختلف مقامات پر ذوالفقار مرزا کے قافلے پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔