لاہور: ورلڈ کپ کیلئے روانگی سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم کو بڑا دھچکا لگ گیا۔ جنید خان انجری کے باعث نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز سے باہرہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستانی فاسٹ بولرجنید خان جو پریکٹس کے دوران انجری کا شکا ر ہوگئے تھے،جس کے باعث سلیکٹرز نے ان کی جگہ بلاول بھٹی کو ٹیم میں شامل کرلیا ہے۔
ورلڈ کپ کے لئے تیاریاں مکمل تھیں، اسکواڈ بھی منتخب کیا جا چکا تھا، لیکن عین وقت پر لیفٹ آرم فاسٹ بولر جنید خان کی بدقمستی ان کے آڑے آگئی۔
تربیتی کیمپ کے دوران ہمیسٹرنگ انجری کا شکار ہونے والے جنید خان مکمل فٹ نہ ہوسکے۔ سلیکٹرز نے اسکواڈ مکمل کرنے کے لئے بلاول بھٹی کا انتخاب کرلیا ۔
نیوزی لینڈ کے خلاف دو ون ڈے کی سیریز کے لئے جنید خان کی جگہ بلاول بھٹی کو ٹیم میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ورلڈ کپ اسکواڈ میں بلاول بھٹی کو شامل کرنے کی منظوری آئی سی سی کی ٹیکنیکل کمیٹی دے گی۔
جنید خان نے آخری ون ڈے گزشتہ سال اگست میں سری لنکا کے خلاف تھا جس کے بعد وہ گھٹنے کی انجری کا شکار ہوگئے تھے۔