اسلام آباد: وزیراعظم، وزیراعلیٰ پنجاب اوردیگر کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا، مقدمہ پاکستان عوامی تحریک کی جانب سے دی گئی درخواست پردرج کیا گیا
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ نے وزیراعظم پاکستان میاں نوازشریف وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف، وزیرداخلہ چوہدری نثار، وزیردفاع خواجہ آصف، وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق سمیت گیارہ ملزمان کے خلاف تھانہ سیکریٹریٹ میں دفعہ دوسوچھ دہشت گردی ایکٹ کے تحت پاکستان عوامی تحریک کے تین کارکنان کےقتل کامقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
مذکورہ مقدمہ پاکستان عوامی تحریک کی جانب سے دی گئی درخواست پردرج کیا گیا اورمقدمہ میں انسداددہشت گردی ایکٹ کی دفعات شامل کی گئی ہیں، مقدمہ مقامی عدالت کے حکم پر درج کیا گیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روزاسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے وزیرِاعظم محمد نوازشریف ودیگرملزمان کے خلاف ایف آئی آردرج کرنے کے حوالے سے تحریری حکم نامہ جاری کیا تھا۔
اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے گذشتہ روزپاکستان عوامی تحریک کی جانب سے ریڈ زون میں پولیس شیلنگ سے جاں بحق کارکنوں کے قتل کے مقدمے کے اندراج کے لئے درخواست کی سماعت کی تھی۔
پاکستان عوامی تحریک نے درخواست میں مؤقف اختیارکیاتھا کہ اسلام آباد میں تیس اوراکتیس اگست کی درمیانی شب پولیس نے دھرنے کے شرکاء کو تشدد کانشانہ بنایا، شیلنگ اورفائرنگ سے تین کارکن جاں بحق جبکہ سینکڑوں زخمی ہوئےتھے جس کی ذمے داری وزیرِاعظم سمیت اعلیٰ حکام پرعائد ہوتی ہے۔