سڈنی : پاکستان کرکٹ ٹیم کا ورلڈ کپ میں سفر ختم ہوگیا۔ قومی ٹیم کل سڈنی سے وطن واپس روانہ ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق ایڈیلیڈ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو ہرا کر واپسی کا ٹکٹ تھمادیا۔ گرین شرٹس نے میگا ایونٹ میں ابتدائی دو میچز ہارنے کے بعد زمبابوے، یو اے ای، جنوبی افریقہ اور آئرلینڈ کو شکست دے کر آخری آٹھ ٹیموں میں جگہ بنائی۔
پا کستان اورآسٹریلیا کے درمیان کھیلے جانے کوارٹر فائنل میں قسمت نے اس کا ساتھ نہیں دیا۔ اورقومی ٹیم چار مرتبہ کی سابق ورلڈ چیمپئین آسٹریلوی ٹیم سے میچ ہارکر ایونٹ سے باہر ہوگئی۔
ورلڈ کپ میں اپنا سفر ختم ہونے کے بعد قومی ٹیم کل سڈنی سے وطن واپسی کے لئے روانہ ہوگی۔
آسٹریلیا سے ورلڈ کپ کوارٹرفائنل ہارنے کے بعد پاکستانی ٹیم کے کپتان مصباح الحق اور پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسٹار کھلاڑی شاہد آفریدی کا ون ڈے کیرئیر بھی ختم ہوگیا ہے۔
کپتان مصباح الحق نے دوہزار دو میں نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے کیرئیر کا آغاز کیا، دو ہزار سات کے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کے ٹک ٹک مصباح نے جارحانہ انداز اپنایا اور ٹیم کو فائنل میں پہنچایا۔ مگر قسمت نے ساتھ نہ دیا۔
دوسری جانب پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسٹار کھلاڑی شاہد آفریدی کاانیس سو چھیانوے میں نیروبی میں طلوع ہونے والا سورج ایڈیلیڈ کے میدان میں غروب ہوگیا، اپنے دوسرے ہی ون ڈے میں تیز ترین سینچری بناکر آفریدی دنیائے کرکٹ پر چھاگئے۔