اسلام آباد: رواں مالی سال 2014-15ء میں اکتوبر 2014ء کے دوران پھلوں کی ملکی برآمدات میں 27 لاکھ ڈالر کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کے اعدادوشمار کے مطابق رواں مالی سال میں ماہ اکتوبر کے دوران پھلوں کی برآمدات سے 24.7 ملین ڈالر کا قیمتی زرمبادلہ کمایا گیا ۔
جبکہ گزشتہ مالی سال 2013-14ء میں اکتوبر کے ایک ماہ کے دوران پھلوں کی ملکی برآمدات کا حجم 22 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا، اس طرح صرف ایک ماہ کے قلیل وقت میں پھلوں کی ملکی برآمدات میں 2.7 ملین ڈالر کا اضافہ ملکی معیشت پر انتہائی خوشگوار اثرات مرتب کرے گا ، جس سے زرمبادلہ کے ملکی ذخائر کے استحکام میں بھی مدد حاصل ہوگی۔