اسلام آباد: پیمرا کی ہٹ دھرمی برقرار ہے، سندھ ہائی کورٹ نے گزشتہ روز اے آر وائی نیوز کی بندش کا نوٹی فیکیشن معطل کیا لیکن عدالتی حکم کو ایک دن گزرنے کے باوجود اے آر وائی کی نشریات مکمل بحال نہ ہوسکیں۔
گزشتہ روز اےآر وائی انتظامیہ نے پیمرا کا لائسنس معطلی کا فیصلہ چیلنج کیا تھا، سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس فیصل عرب نے درخواست پر سماعت کی، اے آروائی نے دلائل میں مؤقف اختیار کیا کہ پیمرا کا نوٹی فکیشن قانونی ضابطوں پرپورا نہیں اترتا، اے آروائی نیوز کا مؤقف سنے بغیر ہی فیصلہ دیا گیا۔
وکلا کو سننے کے بعد جسٹس فیصل عرب نے پیمرا کا نوٹی فیکیشن معطل کردیا تھا۔
واضح رہے کہ بیس اکتوبر کو پیمرا نے متنازع فیصلہ دیتے ہوئے اے آروائی نیوز کی نشریات پندرہ روز کیلئے معطل کرنے کا فیصلہ دیا اور ساتھ ساتھ ایک کروڑ روپے کا جرمانہ بھی لگایا تھا۔ جس کے بعد کیبل آپریٹرز پر دباؤ ڈال کر کئی شہروں میں اے آروائی نیوز کی نشریات بند کرائی گئیں۔