گیس مہنگی کرنے کی تیاریاں آخری مراحل میں پہلے مرحلے میں صنعتی مقاصد کیلئے استعمال ہونے والی گیس مہنگی کرنے کی درخواست پر اُوگرا نے سماعت کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا۔
پاکستان کو آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کے مطابق رواں سال بجلی مزید مہنگی کرنے کے علاوہ رواں ماہ گیس مہنگی کرنا ہوگی، جس کی تیاریاں بتدریج آگے بڑھ رہی ہیں گیس ڈسٹری بیوشن کی دوںوں کمپنیوں نےگیس مہنگی کرنےکیلئےآئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی کو درخواست دی تھی۔
پیرکو سوئی ناردرن کی گیس ٹیرف میں 69 روپےفی ایم ایم بی ٹی یواضافے کی درخواست پراُوگرا نےسماعت کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا، ذرائع کے مطابق سوئی ناردرن نے ابھی گھریلو صارفین کے ٹیرف برقرار رکھنے کی درخواست کی ہے تاہم سی این جی اور پاور پلانٹس کیلئےگیس 15 فیصد مہنگی کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔
اسی طرح صنعتوں اور فرٹیلائیزر انڈسٹری کیلئے بھی گیس 15 فیصد مہنگی کرنے کی اجازت مانگی گئی ہے، سوئی ناردرن نے اُوگرا کو دی گئی درخواست میں کہا ہے کہ اگر ٹیرف میں اضافہ نہ کیا گیا تو سوئی ناردرن کو 6 ارب روپے کا نقصان ہوگا۔