کراچی : اہلسنت والجماعت کے سربراہ مولانا احمد لدھیانوی اور مولانا اورنگ زیب فاروقی نے کہا ہے کہ یمن کا مسئلہ پاکستان کے استحکام سے جڑا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں اہلسنت والجماعت کے زیر اہتمام نکالی گئی تحفظ حرمین شریفین ریلی اور جلسہ سے خطاب کے دوران کیا۔ ریلی میں کارکنوں کی بڑی تعداد شریک تھی۔
ریلی کے بعد جلسے میں پاکستانی فوج سعودی عرب بھیجنے کی قرارداد منظور کی گئی۔جلسے سےخطاب میں دیگرمقررین کا کہنا تھا کہ حوثی باغی مدینہ اور مکہ سے چند گھنٹوں کے فاصلے پر آگئے ہیں انہیں فوری طورپر کچلا جائے۔
اس سے پہلے ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے مولانا اورنگ زیب فاروقی نے اپنے خطاب میں کہا کہ یمن کا مسئلہ پاکستان کے استحکام سے جڑا ہوا ہے۔ تمام سیاسی جماعتوں کو حرمین شریفین کے تحفظ کے لئے متحد ہوجانا چاہیئے۔
ریلی کےشرکا نے سعودی عرب سےاظہاریکجہتی کیلئے انسانی ہاتھوں کی زنجیر بھی بنائی۔