اسلام آباد: ایف پی سی سی آئی کے صدر زکریا عثمان نے ایف بی آر کی جانب سے سال 2013کے ٹیکس ریٹرن جمع کرا نے کے قوانین میں تبدیلی کی سختی سے مخالفت کی ہے اور کہا ہےکہ ٹیکس قوا نین میں کسی بھی قسم کی تبدیلی دسمبر تک نہ کی جا ئے اور ٹیکس ریٹرن جمع کرا نے کی آخری تا ریخ میں 31دسمبر 2014تک تو سیع کی جا ئے ۔
دی فیڈریشن آف پاکستان چیمبرزاینڈ کامرس انڈسٹری کے صدر زکریا عثمان نے کہا کہ اس وقت ٹیکس دہندگان کے پاس ٹیکس ریٹر ن جمع کرا نے کے لیے صرف دو ہفتے ہیں اورنئے قوانین کسی طرح سے قابل عمل نہیں ہیں ۔
زکریا عثمان نے مزید کہا کہ آزادی اورانقلا ب ما رچ سے کچھ حاصل نہیں ہوا لیکن ملکی معیشت کو شدید نقصان ضرور پہنچایا گیا اورعالمی سطح پر ملکی وقار بھی مجروح ہوا۔
انہوں نے کہا کہ اسلا م آباد اوردیگرشہروں میں موجودہ سیاسی صورتحال اورچاروں صوبوں میں سیلاب کی وجہ سے ملک بھر میں کاروباری سرگرمیوں کا گرا ف نیچے آگیا ہے۔
اس کے علا وہ پنجا ب میں بجلی کی شدید لوڈشیڈنگ کی وجہ سے پیداواری اورکاروباری عمل بری طرح سے متا ثرہورہا ہے ان حالا ت میں ایف بی آر بجا ئے ٹیکس دہندگان کو سہو لت دینے کے ان کے مسائل میں مزید اضافہ کررہا ہے۔