کراچی : رینجرز نے آباد کے سابق چیئرمین بابر چغتائی کو رہا کردیا، سانحہ بلدیہ کیس کے تین ملزمان کو نوے روز کیلئے جیل بھیج دیا گیا۔
تفصلات کے مطابق زمینوں پر مبینہ قبضے کے الزام میں گرفتار ہونے والے آباد کے سابق چیئرمین بابر چغتائی کو رینجرز نے رہا کردیا۔
۔زمینوں پر مبینہ قبضے کے الزام میں نوے روز کیلئے جیل بھیجا گیا تھا، جس کے بعد رینجرز حکام نے بابر چغتائی کو فورتھ شیڈول کےتحت رہا کردیا۔
علاوہ ازیں انسداد دہشت گردی کی عدالت نے سانحہ بلدیہ میں ملوث تین مبینہ ملزمان کو دہشت گردی ایکٹ کے تحت 90 روز کے لئےجیل بھیج دیا۔
رینجرز نے سخت حفاظتی تحویل میں ملزمان ماجد بیگ ،عبداللہ، اور منصور کو انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا، ذرائع کے مطابق ملزمان پر سانحہ بلدیہ ٹاؤن میں ملوث ہونے کا الزام ہے۔
رینجرز نے ملزمان کے نوے دن کی نظر بندی کی استدعا کی جسے عدالت نے منظور کرلیا، ملزمان کاتعلق ایم کیو ایم سے ہے جبکہ عدالت نے ٹارگٹ کلرز شکیل الدین اور حاجی یونس کو بھی نوے دن کی نظر بندی پر رینجرز کے حوالے کیا۔
سانحہ بلدیہ میں ملوث ماجداور منصور سمیت تین ملزموں کو رینجرز کے سخت پہرےمیں انسداد دہشت گردی کی عدالت لایا گیا۔ پیشی کے وقت ملزمان کے چہرے کپڑے سے ڈھانپے ہوئے تھے، سانحہ بلدیہ میں دو سو انسٹھ مزدور جھلس کر جاں بحق ہوئے تھے۔
دوسری جانب انسداد دہشت گردی کی عدالت نے اورنگی پائلٹ پراجیکٹ کی ڈائریکٹر پروین رحمان کے قتل میں گرفتار ملزم احمد علی عرف پپو کشمیری کے ریمانڈ میں بھی سات دن کی توسیع کردی۔