راولپنڈی : ماڈل ایان علی منی لانڈرنگ کیس میں کسٹم حکام نے چالان پیش کردیا، چالان میں ایان علی کو مرکزی ملزمہ قرار دیا گیا ہے، عدالت نے ملزمہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں ستائیس اپریل تک توسیع کردی۔
منی لانڈرنگ کا کیس ایان علی کیلئے مشکلات کھڑی کرتا جارہا ہے، ماڈل ایان علی چودہ روزہ جوڈیشل ریمانڈ مکمل ہونے پر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج بہادر علی خان کی عدالت میں پیش ہوئیں، ماڈل ایان علی کیخلاف کسٹم حکام نے پہلا عبوری چالان عدالت میں پیش کردیا۔
جس کے مطابق ماڈل ایان ملزمہ قرار دے دی گئی، عبوری چالان کے مطابق ابتدائی تفتیش میں کوئی شریک جرم ثابت نہیں ہوا۔
عدالت میں پیش ہونے پر نازک ایان نے کہا کہ جیل میں صفائی کے ناقص انتظامات ہیں، جس سے مجھے الرجی ہوگئی ہے، ایان علی نے جج سے گزارش کی کہ جیل میں صفائی کے نظام کو بہتر بنایا جائے، وہاں مجھے ادویات تک میسر نہیں، برائے کرم جیل اسپتال میں ادویات فراہم کی جائیں۔
عدالت نے ماڈل ایان علی کے جوڈیشل ریمانڈ میں ستائیس اپریل تک توسیع کردی۔