تازہ ترین

ن لیگی رہنماؤں نے میرے گھٹنوں پر ہاتھ رکھ کر معافی مانگی، طاہر القادری

راولپنڈی: پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن میں 14 لاشیں گرائی گئیں ہم اس کا بدلہ قرآن کے قانون کے تحت قصاص کی صورت میں ہی لیں گے۔

شیخ رشید کی رہائش گاہ لال حویلی پر منعقدہ تقریب کے موقع پر طاہرالقادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’حکمران خاندان کی وجہ سے پاکستانی سالمیت کو شدید خطرات لاحق ہیں تاہم اب حکمرانوں کے اقتدار کا سورج جلد غروب ہوتا دیکھا رہا ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ’’لوگوں میں حکمرانوں کی ظالمانہ پالیسیوں کے خلاف شعور بیدار ہوگیا ہے، ملک میں جھوٹے اور باطل اقتدار کا سورج غروب ہوچکا ہے اور ملک میں جلد انصاف کا نظام نافذ ہوگا۔

طاہر القادری نے انکشاف کیا کہ ’’مسلم لیگ ن کے اعلیٰ عہدے داران نے ماڈل ٹاؤن واقعے کے بعد مجھ سے ملاقات کی اور میرے گھٹنوں پر ہاتھ رکھ کر معافی طلب کی مگر میں نے شہداء کے اہل خانہ کے مطالبے کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں واپس بھیج دیا‘‘، بعد ازاں حکومت نے لواحقین کو پیسوں کی پیش کش کی مگر کارکنان کے اہل خانہ نے مال و دولت اور طاقت کے خوف سے ڈرنے کے بجائے حکومت کو اس کے عوض قصاص کی پیش کش کی۔

انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کا مسئلہ دیت یا معافی سے نہیں بلکہ قصاص سے ہی حل ہوگا، حکمرانوں نے ہماری 14 لاشیں گرائیں جس کے بدلے قرآن کے قانون کو مدنظر رکھتے ہوئے ’’قصاص لیا جائے گا، منہاج القرآن کے شہید کارکنان کے اہل خانہ دو سال سے صبر کررہے ہیں مگر حکمرانوں کی جانب سے انہیں کسی قسم کا انصاف فراہم نہیں کیا گیا۔

طاہرالقادری نے اعلان کیا کہ آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان 31 جولائی کو کیا جائے گا اور اس میں صرف سانحہ ماڈل ٹاؤن نہیں بلکہ پاناما لیکس کے حوالے سے بھی حکومت کے لیے مشکلات پیدا کریں گے کیونکہ ملک میں اس وقت کرپشن ناسور کی شکل اختیار کرلی جس سے چھٹکارا حاصل کرنا بہت ضروری ہے۔

شیخ رشید کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے علامہ طاہر القادری نے کہا کہ ’’مسلسل 7 بار اس حلقے سے شیخ رشید کی کامیابی اس بات کی غمازی ہے کہ وہ عام آدمی کے لیے آواز بلند کرتے ہیں‘‘۔

قبل ازیں شیخ رشید نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میرا نیا نعرہ ہے کہ ’’چوروں ملک کی جان چھوڑو، ملک میں گینگ آف فائیو اور ان کے 23 بچے بدعنوانی کررہے ہیں مگر ان کے خلاف کارروائی نہیں کی جاتی‘‘۔

شیخ رشید نے مزید کہا کہ پاناما لیکس والوں اور لٹیروں کا تعاقب جاری رہے گا، ملک کی دولت لوٹنے والوں کو قوم کسی صورت معاف نہیں کرے گی اور لوٹا ہوا پیسہ جلد ملک میں واپس لایا جائے گا۔

Comments

- Advertisement -