اسلام آباد : حکومت کی طرف سے پھٹی (کپاس) کی نئی قیمت 3000 روپے فی من مقرر کرنے سے کاشتکاروں کی حوصلہ افزائی ہوگی اور قیمتوں کے ممکنہ اتاڑ چڑاؤ سے ہونے والے نقصان میں مدد ملے گی ۔
وزارت ٹیکسٹائل انڈسٹری کے مطابق حکومت نے کپاس کی پیداوار بڑھانے اور کاشتکاروں کی سہولت کیلئے موثر اقدامات اٹھائے ہیں، حکام کے مطابق پیداوار میں بہتری لانے کیلئے کپاس کے تصدیق شدہ بیج کی بروقت فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے موثر حکمت عملی اپنائی گئی ہے ۔
متعلقہ محکمے نے بی ٹی کاٹن سمیت کپاس کی 21 نئی اقسام کی منظوری دی ہے جبکہ سیلاب کے باوجود گزشتہ سیزن کے مقابلے میں زیادہ رقبے پر کپاس کاشت کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ سال کے مقابلے میں رواں سال کے دوران حکومتی اقدامات کے باعث کپاس کی پیداوار میں بہتری کے امکانات روشن ہیں، رواں سیزن کے دوران کپاس کی پیداوار کا ہدف 1 کروڑ 35 لاکھ 39 ہزار گانٹھیں مقرر کیا گیا ہے جو گزشتہ سال 1 کروڑ 20 لاکھ گانٹھیں تھا۔