اسلام آباد : رواں مالی سال 2014-15ء کی پہلی ششماہی ( جو لائی تا دسمبر 2014ء ) کے دوران ملکی ٹیکسٹائل برآمدات میں تین کروڑ ڈالر سے زائد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔
ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کے اعداد و شمار کے مطابق جولائی تا دسمبر 2014-15ء کے دوران ٹیکسٹائل برآمدات سے6ارب 89کروڑ8لاکھ 23ہزار ڈالر کی برآمدات کی گئیں ۔
جبکہ گزشتہ مالی سال 2013-14ء میں جولائی تا دسمبر کے دوران ٹیکسٹائل کی ملکی برآمدات کا حجم 6ارب 92کروڑ 12لاکھ 20ہزار ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔
اعداد و شمار کے مطابق نیٹ ویئرز کی برآمدات میں 10.09 فیصد ، تولیہ کی برآمدات میں 2.84 فیصد ،ریڈی میڈ گارمنٹس کی برآمدات 9.83 فیصد اور سلک اور سینتھیٹک ٹیکسٹائل کی برآمدات میں 8.21فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔
تاہم خام کاٹن کی برآمدات میں 17.91فیصد اور کاٹن کے ملبوسات کی برآمدات میں 17.43فیصد کی کمی رہی جس کے باعث ٹیکسٹائل برآمدات متاثر ہوئیں۔