لاہور: وزیراعظم کے مشیر برائے ہوابازی شجاعت عظیم کا کہنا ہے کہ کراچی ائیرپورٹ سانحہ کی تحقیقاتی رپورٹ وزیراعظم کو پیش کردی گئی ہے ،جلد منظر عام پر بھی لایا جائے گا۔
علامہ اقبال انٹرنیشل ائیرپورٹ کے حج ٹرمینل کی تزئین آرائش کے معائنہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شجاعت عظیم نے کہا کہ ائیرپورٹ کولڈ اسٹوریج میں کسی شخص کی ہلاکت نہیں ہوئی، مرنے والے آٹھوں افراد کا تعلق نجی کمپنی جیری دناتا سے تھا جو الگ کمرے میں بند تھے اور انکی نشاندہی دہشت گردی حملے کے وقت نہیں کی جس پر تحقیقاتی رپورٹ میں ہلاکتوں کی ذمہ داری ائیرپورٹ مینجر اور جیری دناتا پر عائد کی گئی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ جیری دناتا کو تحریری طور پر آگاہ کردیا گیا کہ مرنے والوں کا معاوضہ جلد ادا کیا جائے ۔ انکا یہ بھی کہنا تھا کہ کراچی ائیرپورٹ مینجر کو ہدایت کی گئی تھی کہ حملے کے بعد وہ مسلسل ائیرپورٹ پر رہیں مگر ایسا نہیں کیا گیا،ائیرپورٹ پر کیمیکل کے ڈرم بھی موجود تھے جن کی نشاندہی کرنے میں سول ایوی ایشن اتھارٹی بھی ناکام رہی تھی